ممبئی( سچ نیوز ) بالی ووڈ اداکارہ تاپسی پنوں نے ماضی میں اپنے ساتھ پیش آنے والا جنسی ہراسگی کا واقعہ سناتے ہوئے اس شخص کے ساتھ ایسا سلوک کرنے کا انکشاف کر ڈالا کہ آئندہ اس شخص کو کسی خاتون کے ساتھ یہ حرکت کرنے کی جرا¿ت نہ ہوئی ہو گی۔ گلف نیوز کے مطابق تاپسی پنوں نے کرینہ کپور کے شو ’واٹ وومن وانٹ ٹو‘ (What Women Want 2)میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ”ہم ایک گردوارے میں جایا کرتے تھے۔ اس کے سامنے دونوں طرف سٹالز لگے ہوتے تھے اور وہ بہت پرہجوم جگہ ہوتی تھی۔ اتنی پرہجوم کہ وہاں دھکے کھائے بغیر گزرنا محال تھا۔“اداکارہ نے بتایا کہ ”اگرچہ وہاں لوگوں کا ایک دوسرے سے ٹکرانا معمول تھا لیکن ایک روز مجھے احساس ہوا کہ کوئی دانستہ طور پر میرے جسم کو پیچھے سے چھو رہا ہے۔ میں چوکنا ہو گئی اور اگلے ہی لمحے جب وہ ہاتھ دوبارہ میرے جسم کو چھوا تو میں نے جھپٹ کر اس شخص کی انگلی پکڑ لی اور پوری طاقت کے ساتھ مروڑ ڈالی۔ وہ شخص تکلیف سے بلبلا اٹھا اور میں وہاں سے فوراً نکل گئی۔“