اورنج ٹرین 10 دسمبر سے چلنا شروع ہوجائے گی: وزیراعظم عمران

لاہور: (سچ نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ایوان وزیراعلیٰ میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں اورنج ٹرین دس دسمبر سے چلنا شروع ہو جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق اورنج لائن ٹرین منصوبہ اکتوبر 2015ء ميں مسلم لیگ ن کی حکومت نے شروع کيا گيا، جسے 27 مہينوں ميں مکمل ہونا تھا۔

اس دوران اورنج لائن ٹرین کا کیس عدالت میں چلے گیا جہاں اس پر لمبی سماعتیں چلیں اور کچھ مقامات پر اس کا کام روک دیا گیا، مسلم لیگ ن کی حکومت کے رخصت ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اقتدار میں آئی تو امکان ظاہر کیا جا رہا ہے تھا کہ یہ منصوبہ جلد مکمل ہو جائے گا تاہم گزشتہ 15 ماہ کے دوران متعدد بار اعلان کیے گئے کہ فلاں وقت میں اورنج لائن منصوبہ چل جائے گا۔ تاہم ہر بار تاریخ پہ تاریخ ملتی رہی منصوبہ مکمل نہ ہوا۔

آج وزیراعظم عمران خان نے ایوان وزیراعلیٰ میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، مشیر ماحولیات ملک امین اسلم کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں آلودگی بہت تیزی سے پھیل رہی ہے، اس دوران جب اورنج لائن کے بارے میں سوال کیا گیا تو وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ 10 دسمبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل ايل ڈی اے ذرائع کا بھی کہنا تھا کہ منصوبے کے کنٹريکٹ ميں تبديلی کرکے اب اسے رواں سال دسمبر ميں مکمل کيا جائے گا۔

پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اورنج لائن سے اربوں روپے کا خسارہ ہوگا، خسارے کوپورا کرنے کے لیے پنجاب حکومت کوتیاری کرنی پڑے گی۔

یاد رہے کہ 162 ارب کے ابتدائی تخمینے سے شروع ہونے والی اورنج لائن ٹرین کی لاگت مسلسل بڑھتے ہوئے اب تقریباً 300 ارب روپے کے قریب پہنچ چکی ہے۔

Exit mobile version