لکھنو ( سچ نیوز ) بھارتی ریاست اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنو کی ایک عدالت کے باہر ہونے والے دھماکے میں 3 وکلا زخمی ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق دھماکہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے دفتر کے پاس لکھنو کولیکٹریٹ میں ہوا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ بم دھماکہ دو وکلا گروپوں کے درمیان جھگڑے کا شاخسانہ ہے۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ دھماکہ اس وکیل کو نشانہ بنانے کیلئے کیا گیا جو کہ عدالت میں پیش ہوا تھا۔
لکھنو بار ایسوسی ایشن کے جوائنٹ سیکرٹری سنجیو لودھی کا کہنا ہے کہ بم دھماکے کا نشانہ وہ تھے کیونکہ انہوں نے کچھ جوڈیشل افسران کی شکایت کی تھی۔’ میرے دفتر کے باہر 10 لوگوں نے کروڈ بم پھینکے جس کی وجہ سے میں اور میرے 2 ساتھی وکلا زخمی ہوئے۔‘سنجیو لودھی نے بتایا کہ ان کی طرف تین بم پھینکے گئے تھے لیکن ان میں صرف ایک ہی پھٹ سکا جبکہ 2 بم ضائع ہوگئے۔ پولیس نے بم بنانے والے شخص کی شناخت جیتو یادیو کے نام سے کی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ وکلا نے ریاست اتر پردیش میں ان کے خلاف ہونے والے حملوں کے باعث عدالتی بائیکاٹ کیا تھا ۔