نئی دہلی(سچ نیوز) بھارت میں انٹرنیٹ پر محبت تلاش کرنے والا ایک شخص نوسربازوں کے ہتھے چڑھ کر 46لاکھ بھارتی روپے (تقریباً 95لاکھ پاکستانی روپے) سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ممبئی کے اس 65سالہ شادی شدہ شخص کو نوجوان لڑکیوں کے ساتھ تعلق قائم کرنے کا خبط ہوا اور اس نے ایک ڈیٹنگ ویب سائٹ کی رجسٹریشن حاصل کر لی جس نے دعویٰ کر رکھا تھا کہ وہ امیر مردوں کے نوجوان لڑکیوں سے تعلق قائم کرواتی ہے۔گزشتہ روز یہ شخص ممبئی کے ’کرار‘ پولیس سٹیشن آیا اور اپنے ساتھ ہونے والے دھوکے کے خلاف درخواست دی۔ اس نے پولیس کو بتایا کہ ”میں نے ویب سائٹ پر خود کو رجسٹرڈ کیا تو مجھے میرا نامی ایک خاتون کی فون کال آئی۔ اس نے مجھے فون پر ہی تین لڑکیوں کی تصاویر بھیجیں اور کہا کہ ان میں سے ایک کا انتخاب کر لو۔ میں نے ایک لڑکی منتخب کی تو میرا نے کہا کہ یہ لڑکی 25ہزار روپے پورا سال میرے ساتھ ڈیٹنگ کرے گی۔ اس کے بعد انہوں نے مجھے سے پرائیویسی فیس کی مد میں ساڑھے 82ہزار روپے، ویڈیو کال انشورنس کے لیے 1لاکھ 75ہزار روپے اور پروفائل ویری فکیشن کے لیے ساڑھے 5لاکھ روپے لیے۔“آدمی نے مزید بتایا کہ ”7مئی کو میرا نے دوبارہ مجھے کال کی اور کہا کہ مجھے لڑکی سے ملنے کے لیے ویب سائٹ کی پریمیم ممبرشپ لینی ہو گی جو ساڑھے 26لاکھ روپے میں ملے گی۔ اس کے علاوہ 5لاکھ روپے ایکسٹرا چارجز ہوں گے۔ میں نے انہیں یہ رقم بھی ادا کر دی۔ اس کے بعد میرا نے ہولڈنگ چارجز کی مد میں 7لاکھ 85ہزار روپے لیے اور مجھے اس لڑکی کا فون نمبر دے دیا، جس کا نام اس نے ’روزی‘ بتایا تھا۔ تاہم جب میں نے اس نمبر پر فون کیا تو وہ بند تھا۔ اس کے بعد میں نے ویب سائٹ کی انتظامیہ اور میرا سے رابطے کے تمام ذرائع پر رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن میرا ان سے رابطہ نہیں ہو پایا۔ تب مجھے احساس ہوا کہ وہ مجھ سے 46لاکھ روپے ہتھیا چکے ہیں۔“ پولیس انسپکٹر اودے راجیشرکے کا کہنا تھا کہ ”آدمی کی درخواست پر نامعلوم نوسربازوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔“