چندی گڑھ(سچ نیوز) ڈنمارک کی ایک لڑکی کی محبت نے مشرقی پنجاب کے ایک منشیات کی لت میں پڑے نوجوان کی قسمت بدل دی۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق گرداس پور ضلع کے گاﺅں صندل کا رہائشی 33سالہ ملکیت سنگھ کئی سالوں سے منشیات کا عادی تھا اور اس لت نے اس کی زندگی برباد کر کے رکھ دی مگر پھر فیس بک پر اس کی ملاقات ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن کی رہائشی نتاشا نتالی سومر نامی لڑکی سے ہوئیرپورٹ کے مطابق نتاشا اور ملکیت کو ایک دوسرے سے محبت ہو گئی اور نتاشا اس سے ملنے بھارت چلی آئی۔ جہاں نہ صرف نتاشا نے ملکیت سے شادی کر لی بلکہ اس کی زندگی ہی بدل کر رکھ دی۔ ملکیت کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ”فیس بک پر میری ملاقات نتاشا سے ہوئی تھی۔ ابھی ہم ایک دوسرے کو جاننے اور سمجھنے کی کوشش کر رہے تھے کہ میں نے ایک روز ہمت کرکے اسے سچ بتا دیا کہ میں بیروزگار اور غریب آدمی ہوں اور ہیروئن کا عادی ہوں۔ میری یہ بات سن کر نتاشا کا میرے ساتھ تعلق اور بھی مضبوط ہو گیا۔“نتاشا کا کہنا تھا کہ ”ملکیت نے مجھ سے سچ بولا تبھی میں نے ٹھان لی کہ میں اسے منشیات سے نجات دلا کر رہوں گی۔“ رپورٹ کے مطابق نتاشا شادی کے بعد ملکیت کو اپنے ساتھ ڈنمارک لے کر جا چکی ہے اور جوڑا وہاں اپنی زندگی کی نئی شروعات کر چکا ہے۔