ممبئی (سچ نیوز )انٹرنیٹ پر ایک پرانی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں گزشتہ دنوں انتقال کر جانے والے معروف بھارتی لیجنڈ اداکار قادر خان نے اس راز سے پردہ اٹھایا تھاکہ امیتابھ بچن اور ان کے آپس کے تعلقات خراب کیوں ہوئے تھے۔82 سالہ بالی ووڈلیجنڈ مزاحیہ اداکار قادر خان 31 دسمبر کو طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے ہیں ۔ایسے میں قادر خان کی ایک پرانی ویڈیو نے انٹرنیٹ پر دھوم مچا رکھی ہے جس میں انکشاف ہوا ہے کہ ایک ساتھ کئی نامور فلموں میں کام کرنے والے امیتابھ بچن اور قادر خان کے درمیان کشیدگی کی وجہ کیا تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ ویڈیو 2012 کی ہے جس میں قادر خان کا کہنا تھا کہ’ ’ میں امیتابھ بچن کو ہمیشہ سے امیت کہ کر پکارتا تھا، ایک دفعہ ایک پروڈیوسر نے مجھ سے کہا کہ کیا ا?پ ’سر جی‘ سے ملے ہیں، میں نے کہا کون’ سر جی‘؟ انہوں نے قریب آنے والے امیتابھ بچن کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا یہ لمبا شخص۔اس پر میں نے کہا یہ تو ’ امیت جی ‘ ہیں، یہ ’ سر جی ‘ کب سے ہوئے؟“انہوں نے بتایا کہ’ پروڈیوسر نے مجھ سے کہا ہم تو انہیں سر جی کہتے ہیں اور تب سے ہی انہیں ہر کوئی سر جی کہ کر پکارتا ہے۔‘قادر خان کا کہنا تھا کہ” میں امیت کو کبھی سر جی نہیں کہہ پایا کیونکہ مجھے عادت ہی نہیں ہوئی۔کوئی اپنے دوست یا بھائی کو جس نام سے پکارتا ہو وہ اچانک اس میں تبدیلی کیسے لے آئے؟“انہوں نے کہا کہ ”میں یہ نہیں کر پایا تو پھر کوئی فلم بھی ان کے ساتھ نہیں کر پایا، وہیں سے ہمارے تعلقات کے درمیان دراڑ پڑگئی۔میں نے کئی فلموں پر کام شروع کر دیا تھا مگر اس تنازع کی وجہ سے مجھے کام ادھورا چھوڑنا پڑا۔“2013 میں دیئے گئے ایک انٹرویو کے دوران قادر خان کا کہنا تھا کہ امیتابھ بچن اور ان کے درمیان تعلقات بحال ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا تھا کہ امیتابھ نے ان سے بات چیت کی اور تمام تنازعات حل کرلیے۔واضح رہے بالی ووڈ شہنشاہ امیتابھ بچن نے قادر خان کی علالت پر دعائیہ پیغامات بھیجے تھے اور عوام سے ان کی صحت یابی کے لئے دعا کی اپیل کی تھی ، بعد ازاں قادر خان کی موت کی خبر سن کر انہوں نے سوشل میڈیا پر جذباتی پیغام بھیجا تھا۔