ریاض (سچ نیوز) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے سعودی بادشاہ اور ولی عہد سے ملاقاتیں کی ہیں جن میں یمن، افغانستان اور ایران کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ امریکی وزیر خارجہ نے سعودی عرب کے دورے کے دوران صحافی جمال خاشقجی کے قتل کا معاملہ بھی اٹھایا۔امریکی وزیر خارجہ ایک روزہ دورے پر سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچے جہاں انہوں نے سعودی بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بات چیت کی گئی۔ امریکی مشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق امریکی وزیر خارجہ اور شاہ سلمان کے مابین خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی جس میں یمن کی صورت حال ، ایران اور افغانستان سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔امریکی وزیر خارجہ نے سعودی عرب کی جانب سے یمن میں اقوام متحدہ کے تحت سیاسی عمل اور افغانستان میں امن عمل کی حمایت کو سراہا ۔امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں سعودی عرب اور امریکہ کے باہمی تعلقات کے علاوہ جمال خاشقجی کے قتل کا معاملہ بھی اٹھایا اور کیس کے شفاف ٹرائل کا مطالبہ کیا۔ دونوں کے مابین یمن میں امن کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ یمن تنازعہ کا واحد حل پر امن سیاسی گفت و شنید ہے۔امریکی مشن کے مطابق سعودی ولی عہد اور مائیک پومپیو کی ملاقات میں یمن کے حوالے سے ہونے والے سویڈن معاہدے پر بات چیت کی گئی جبکہ حدیدہ میں جنگ بندی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔