دمشق(سچ نیوز)شام کے قریب بحیرہ روم میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے جنگی بحری جہاز بڑی تعدادمیں جمع ہورہے ہیں اور اس خطرناک پیش رفت کا مقصد جان کر یقیناً آپ بھی پریشان ہو جائیں گے۔ دفاعی تجزیہ کاروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ امریکا شام پر حملے کی تیاری کر رہا ہے اور یہ حملہ آج رات ہی ہو سکتا ہے۔
امریکا کی جانب سے یہ انتہائی اقدام کیوں متوقع ہے، ماہرین اس کا تعلق شام میں روس کی جانب سے متوقع ایٹمی پیش رفت سے بتاتے ہیں۔ روس کے ایک سینئر سیاستدان کی جانب سے حال ہی میں یہ بیان سامنے آیا کہ ان کا ملک شام میں اپنے ایٹمی ہتھیاروں کی تنصیب کر سکتا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ غالباً اسی خدشے کے پیش نظر امریکہ ، برطانیہ اور فرانس نے شام میں ایک بڑی فوجی کاروائی کا فیصلہ کیا ہے۔واضح رہے کہ روسی اعلٰی عہدیدار نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اگر امریکہ دیگر ممالک میں اپنے ایٹمی ہتھیاروں کی تنصیب کر سکتا ہے تو روس بھی ایسا کر سکتا ہے۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا تھا کہ امریکہ کے جارحانہ عزائم کا مقابلہ کرنے کیلئے روس شام میں اپنے ایٹمی ہتھیاروں کی تنصیب کر سکتا ہے۔