ٹوکیو(سچ نیوز) جاپان کے شہر اوساکا میں جی 20ممالک کی میٹنگ ہوئی جس میں امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے سب کے سامنے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی تعریف کے ایسے پل باندھے کہ انہیں خوش کر دیا۔ میل آن لائن کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہا کہ ”شہزادہ محمد بن سلمان میرے دوست ہیں۔ ان کے ساتھ میرے تعلقات انتہائی اچھے ہیں۔ وہ دہشت گردی کے خلاف گراں قدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں جس پر میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ وہ سعودی عرب میں انقلاب لا رہے ہیں۔ انہوں نے خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دی اور دیگر ایسے انقلابی اقدامات اٹھائے۔ اس پر میں انہیں مبارکباد دیتا ہوں، آپ بہت شاندار کام کر رہے ہیں۔“صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ ”پہلے سعودی عرب اور کچھ دوسرے ملک دہشت گردوں کی معاونت کرتے رہے ہیں لیکن اب شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی عرب بالکل مخالف سمت میں سفر کر رہا ہے۔ “ اس میٹنگ کے بعد صدر ٹرمپ نے میڈیا سے بھی گفتگو کی اور ایک صحافی نے ترکی میں واقع سعودی سفارتخانے میں قتل ہونے والے صحافی جمال خاشقجی کے متعلق سوال کیا تو وہ ’آپ کا بہت شکریہ‘ کہہ کر جواب ٹال گئے۔ دوسری طرف میل آن لائن کے مطابق امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے اس نتیجے پر پہنچ چکی ہے کہ جمال خاشقجی کے قتل کا حکم شہزادہ محمد نے ہی دیا تھا۔