راولپنڈی (سچ نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی سینیٹر جان مکین کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آنجہانی جان مکین کے اہلخانہ سے اظہار افسوس کیا ہے۔ اپنے پیغام میں آرمی چیف نے کہا کہ جان مکین جنگی ہیرو اور اپنے ملک کے بہترین نمائندے تھے۔ وہ پاکستان کے دوست تھے اور انہوں نے ہمیشہ پاک امریکہ تعلقات کی مضبوطی کیلئے کام کیا تاکہ دونوں ملکوں کے لوگوں کو اس کا فائدہ پہنچے۔
واضح رہے کہ امریکی ریاست ایریزونا سے 6 بار منتخب ہونے والے سینیٹر اور سابق صدارتی امیدوار جان مکین ہفتہ کے روز طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے تھے، وہ دماغ کے کینسر میں مبتلا تھے ۔ جان مکین کے انتقا ل پر دنیا بھر سے تعزیتی پیغامات دیے جارہے ہیں تاہم ان کے اپنے ہی ملک کے صدر کی جانب سے اس بارے میں کوئی باضابطہ سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔ امریکہ کے صدر ٹرمپ نے ایک ٹویٹ میں جان مکین کے انتقال پر صرف رسمی کلمات ادا کیے۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق وائٹ ہاﺅس کے عملے کی جانب سے جان مکین کے انتقال پر تعزیتی پیغام تیار کیا گیا تاہم ٹرمپ نے اسے مسترد کردیا اور کہا کہ وہ ایک ٹویٹ کے ذریعے ہی اظہار افسوس کریں گے اور اس سلسلے میں کسی سرکاری بیان کی ضرورت نہیں ہے۔ خیال رہے کہ جان مکین اور ٹرمپ کے مابین تعلقات خوشگوار نہیں تھے جس کے باعث مکین نے اپنے اہلخانہ کو وصیت کی تھی کہ ٹرمپ کو ان کی آخری رسومات میں شرکت کی دعوت نہ دی جائے۔