واشنگٹن(سچ نیوز)ہندوستان کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ان کا ملک امریکی دھمکیوں کے باوجود روس سے میزائلی دفاعی سسٹم ایس فور ہنڈریڈ خریدے گا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے واشنگٹن میں اپنے امریکی ہم منصب مائک پمپئو سے ملاقات سے پہلے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئی دہلی کو فوجی ساز و سامان خریدنے کے لئے کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے۔ ایس جے شنکر کا کہنا تھا کہ ہندوستان اپنے فیصلے کرنے میں خودمختار ہے اور کسی بھی ملک کو نئی دہلی کے معاملات میں مداخلت کا حق نہیں ہے۔واضح رہے کہ ہندوستان نے گذشتہ برس ، روس سے پانچ ارب ڈالر سے بھی زیادہ مالیت کے پانچ دفاعی میزائلی سسٹم ایس فور ہنڈریڈ خریدنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ امریکہ نے اپنے اتحادی ترکی پر بھی ایس فور ہنڈریڈ خریدنے کی بنا پر اقتصادی پابندیاں لگا دی ہیں۔امریکہ نے ملکوں کے داخلی امور میں مداخلت کرتے ہوئے بارہا اعلان کیا ہے کہ جو ممالک روس اور ایران کے ساتھ سمجھوتے پر دستخط کریں گے ان پر پابندیاں عائد کردی جائیں گی اور ہندوستان بھی اس سے مستثنی نہیں ہے۔