نیویارک(سچ نیوز ) 6دسمبر کو امریکہ کی پینساکولا نیول بیس پر ایک سعودی ملٹری آفیسر نے فائرنگ کرکے 3امریکی فوجیوں کو قتل اور 8کو شدید زخمی کر دیا تھا۔ اب اس آفیسر کی 4ماہ قبل اپنے سوشل میڈیا اکاﺅنٹ پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو منظرعام پر آ گئی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق محمد الشمرانی نامی اس سعودی فوجی آفیسر نے اس ویڈیو میں کہا تھا کہ ”الٹی گنتی شروع ہو گئی ہے۔“ اس نے ویڈیو میں غیرمسلموں کو کافر کہا اور جہاد کی تعریف بھی کی۔یہ ویڈیو پوسٹ ہونے کے چار ماہ بعد اس نے امریکی فوجی اڈے پر فائرنگ کر دی۔ امریکی میڈیا میں اب یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ اس ویڈیو میں اس شخص کی نیت بالکل واضح ہو چکی تھی۔ حکام نے اس ویڈیو کو کیوں نظرانداز کیا؟ رپورٹ کے مطابق21سالہ محمد الشمرانی اس امریکی فوجی اڈے پر فلائٹ ٹریننگ لے رہا تھا۔ وہ امریکی حکومت ہی کی سپانسرشپ پر وہاں گیا تھا۔ الشمرانی کا ٹوئٹر اکاﺅنٹ اب بند ہو چکا ہے۔ اس پر اس نے اسامہ بن لادن کے کئی اسرائیل مخالف بیانات پوسٹ کر رکھے تھے۔ ایک پوسٹ میں اس نے لکھا تھا کہ ”میں برائی کے خلاف ہوں اور امریکہ مجموعی طور پر بدی کی حامل قوم بن چکا ہے۔ میں امریکیوں کے اس لیے خلاف نہیں ہوں کہ وہ امریکی ہیں۔ میں اس لیے خلاف ہوں کیونکہ امریکی مسلسل مسلمانوں اور انسانیت کے خلاف جرائم کا ارتکاب کر رہے ہیں اور دہشت گردوں کی مالی معاونت اور سپورٹ کر رہے ہیں۔“