بغداد(سچ نیوز)امریکہ کے راکٹ حملے اور جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت پر ایران کے وزیرخارجہ بھی میدان میں آگئے۔ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف کا کہنا ہے کہ امریکا کی جانب سے حملے میں جنرل سلیمانی شہادت ایک انتہائی خطرناک اوراحمقانہ حرکت ہے، امریکا اپنی بدمعاش مہم جوئی کے تمام نتائج کی ذمہ داری خود برداشت کرے گا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر دیئے گئے بیان میں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا کہ ’امریکا کا عالمی دہشت گردی کا اقدام اورداعش، النصرہ ،القاعدہ جیسی تنظیموں کیخلاف جراتمندانہ کارروائی کرنے والی فورس کے سربراہ کی شہادت انتہائی خطرناک اور احمقانہ اقدام ہے۔ امریکا اپنی بدمعاش مہم جوئی کے تمام نتائج کی ذمہ داری خود برداشت کرے گا۔
واضح رہے کہ عراق کے دارالحکومت بغداد کے ایئرپورٹ پرامریکا کی جانب سے راکٹ حملے کیے گئے، جس کے نتیجے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔ راکٹ حملے میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا پاپولرموبلائزیشن فورس (پی ایم ایف) کے ڈپٹی کمانڈرابومہدی المہندس بھی جاں بحق ہوگئے۔عراقی حکام کے مطابق بغداد ایئرپورٹ پرداغے گئے 3 راکٹ کارگوہال کے قریب گرے، راکٹ حملے سے 2 کاروں کوآگ بھی لگی۔عرب ٹی وی کے مطابق راکٹوں سے اہم مہمانوں کوایئرپورٹ لانے والی گاڑیاں تباہ ہوئیں، راکٹ حملے سے قبل سائرن بجے، فضا میں ہیلی کاپٹراڑتے دیکھے گئے۔