واشنگٹن (سچ نیوز)وزیراعظم عمران خان نے ا مریکہ کی تاریخ میں کسی بھی پاکستانی رہنماءکا سب سے بڑے جلسے سے خطاب کا ایک نیا ریکا ر ڈ قائم کر دیا،اتوار اور پیر کی درمیانی شب پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے واشنگٹن ڈی سی کے کیپیٹل ون ایرینا میں ہوئے جلسے میں ایرینا میں موجود تمام بیس ہزار نشستیں پاکستانی شہریوں سے بھری ہوئی تھیں اس کے علاوہ وزیر اعظم کے سامنے اضافی کرسیاں لگا کر بھی مہمانوں کو بٹھایا گیا تھا۔جلسہ عام کا اہتمام کرنے میں مرکزی کردار ادا کرنیوالے ڈاکٹر عبداللہ ریاڑ کے مطابق اس پہلے کوئی بھی پاکستانی رہنما اتنے زیاد ہ لوگوں کو اکٹھا نہیں کر سکا،عمران خان کی تقریر سننے کیلئے واشنگٹن کے علاوہ دیگر ریاستوں سے بھی اوورسیز پاکستانی ریلیوں کی شکل میں آئے،ادھر امریکہ میں مقیم پاکستانیوں نے بھی وزیر اعظم عمران کا تاریخی استقبال کر کے امریکی انتظامیہ پر دھاک بٹھا دی۔واشنگٹن میں موجود غیر جانبدار حلقوں کا کہنا ہے ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے پاکستانی کمیونٹی سے بھرپور اعتماد حاصل کر کے اپنا پلڑا بھاری کر لیا ہے،وزیر اعظم عمران خان امریکی صدر ٹرمپ سے ہونیوالی ملاقات میں طالبان امریکہ مذاکرات کیساتھ دیگر اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔توقع کی جارہی ہے وزیر اعظم کا یہ دورہ پاکستان کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔