لاہور (سچ نیوز )امریکہ اپنے تیس لاکھ فوجی ،7 براعظموں میں اپنے چار ہزار آٹھ سو دفاعی مقامات کے ساتھ دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں سب سے بڑی جنگی صلاحیت رکھنے والی طاقت ہے ، جسے برقرار رکھنے کیلئے امریکہ سالانہ 7 سو ارب ڈالر خر چ کرتاہے ۔نجی ٹی وی جیونیوز کے اینکر پرسن ” شاہ زیب خانزادہ “ نے پروگرام کے دوران کہا کہ امریکہ ایک نیوکلئر پاور ہے ، نیوی اور ایئر فورس کے حوالے سے بھی سب سے مضبوط ملک سمجھا جاتاہے ۔امریکہ کی ایئر فورس کے پاس بی 52 بمبار ہیں جو کہ 35 ٹن اسلحے کے ساتھ چل سکتاہے ، جس میں مائنز ،بم اور میزائل شامل ہیں ، ایک بی 52 طیارہ 20 کروز میزائل لوڈ کر سکتا ہے ۔
امریکہ کے بی 2 سٹیلتھ جنگی طیارے بھی اس کی ایئر فورس کا اہم ترین حصہ تصور کیا جاتاہے ، یہ طیارہ بہت مشکل سے کسی ریڈار میںآتا ہے ، اس کی نظر نہ آنے کی صلاحیت کے باعث یہ ملکوں کے دفاعی نظام کو اپنی بمباری سے بھاری نقصان پہنچا سکتا ہے ،اس میں جو بمباری کا سازو سامان نصب ہوتاہے وہ کسی بھی دیگر غیر نیوکلیئر ہتھیار سے خطرناک ثابت ہو سکتاہے ، امریکہ نے اس کا استعمال شام ، عراق اور افغانستان میں کیا ہے۔امریکہ کا جنگی طیارہ بی 1 چار انجز کے ساتھ امریکی ایئر فورس میں سب سے زیادہ جنگی سازو سامان رکھنے میں سر فہرست ہے ، لیکن امریکہ کا ایف 22 اس کی ایئر فورس کا سب سے بہترین اور جدید جنگی طیاروں میں سے ایک ہے ،اس وقت امریکہ کے پاس 180 ایف 22 موجود ہیں ، ریڈار میں نظر نہ آنے کے باعث یہ طیارہ کسی بھی ملک کے اہم مقام پر ریڈار سے کنٹرول ہونے والے میزائل داغ سکتا ہے ، اور جنگی ماحول میں اپنے دیگر جنگی طیاروں کیلئے راستہ بحال کر سکتا ہے ۔
امریکہ کی نیوی بھی دنیا کی سب سے بہترین نیوی میں شمار ہو تی ہے ، جس میں امریکی سب میرین کا سب سے اہم کردار ہے ، جو کہ سینکڑوں کی تعداد میں اوما ہاکس میزائل سنبھال سکتے ہیں ،جن کی رینج ہزار کلومیٹر سے بھی زیادہ ہے ، جو کہ سمندر سے لے کر زمینی ٹارگٹ کو نشانہ بنا سکتے ہیں اور ہر میزائل ایک ہی وقت میں پندر ہ ٹارگٹ کی معلومات سنبھال سکتا ہے ،یہ میزائل لانچ کرنے کے بعد بھی اپنے ٹارگٹس کو بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔امریکہ کے جنگی بحری جہازوں میں ایئر کرافٹ کیرئر اس کی جنگی صلاحیت کا سب سے بڑا حصہ ہیں ، اس وقت امریکہ کے پاس گیارہ ایئر کرافٹ کیریئر ہیں جو کہ سمندر سے فضائی حملے کیلئے بہترین ہتھیار ہے ،امریکہ کا ایک ایئر کرافٹ کیریئر ساٹھ جنگی طیارے سنبھال سکتا ہے جس میں ایف 18 طیارے بھی شامل ہیں جو فضا سے زمین پر میزائل دا غ سکتے ہیں ۔
اسی کے ساتھ امریکہ کے پاس ایسے بحری جہاز بھی ہیں جو کہ اس کی زمینی فوج اور ہیلی کاپٹر کو لے کر کسی بھی سمندر ی علاقے میں داخل ہو سکتے ہیں ،ساتھ ہی ان بحری جہازوں میں امریکہ کے سب سے جددید جنگی طیارے ایف 35 کیلئے سٹیشنز بھی موجود ہیں ۔امریکہ کے بعض بحری جہازوں میں کروز میزائل کی صلاحیت بھی موجود ہے ، یعنی امریکہ ہر لحاظ سے براہ راست جنگ کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ سب سے زیادہ طاقت کا مظاہرہ کرنے کی قابلیت بھی رکھتاہے ۔