واشنگٹن ( سچ نیوز ) امریکہ نے یمن میں ایک کاﺅنٹر ٹیرارزم آپریشن کے دوران القاعدہ کے لیڈر قاسم الریمی کو ہلاک کردیا، وہ القاعدہ کے لیڈر ایمن الظواہری کے نائب تھے۔وائٹ ہاﺅس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یمن میں انسداد دہشتگردی کی کارروائی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم پر کی گئی جس میں الریمی مارا گیا۔ الریمی کی قیادت میں القاعدہ نے نہ صرف یمن میں عام شہریوں کے خون کی ہولی کھیلی بلکہ امریکی فورسز کو بھی نشانہ بنایا۔
القاعدہ لیڈر کی ہلاکت پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’ الریمی کی ہلاکت سے القاعدہ کا مورال ڈاﺅن ہوا، اس ہلاکت سے ہم ان گروپوں کو ختم کرنے کے اور قریب آگئے ہیں جو ہماری قومی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ قاسم الریمی کی ہلاکت کے نتیجے میں امریکہ ، امریکی مفادات اور امریکہ کے اتحادی زیادہ محفوظ ہوگئے ہیں، ’ ہم اپنے لوگوں کی حفاظت کر یں گے اور ان تمام دہشتگردوں کو ڈھونڈ کر ختم کردیں گے جو ہمیں نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔‘امریکی صدر نے یہ نہیں بتایا کہ الریمی کے خلاف کب کارروائی کی گئی تھی۔