واشنگٹن (سچ نیوز) امریکہ نے ایرانی آئل ٹینکر کو قبضے میں لینے کیلئے وارنٹ جاری کردیے ہیں۔ آئل ٹینکر 4 جولائی کو پکڑا گیا تھا جس کو جبرالٹر کی عدالت نے چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔امریکی محکمہ قانون کی جانب سے ایرانی آئل سپر ٹینکر کو قبضے میں لینے کے لیے وارنٹ جاری کیے گئے ہیں۔ امریکہ کا دعویٰ ہے کہ وہ بین الاقوامی اقتصادی ایمرجنسی ایکٹ، بینک فراڈ، منی لانڈرنگ اور دہشت گردی قوانین کی بنیاد پر ایرانی آئل ٹینکر گریس ون کو قبضے میں لے سکتا ہے۔دو اعشاریہ ایک ملین بیرل آئل لے جانے والے ایرانی آئل ٹینکر گریس ون کو 4 جولائی کو پکڑا گیا تھا۔ ایران پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ وہ غیر قانونی طور پر اس ٹینکر کے ذریعے شام کو آئل سمگل کر رہا تھا۔ ایران نے اپنے آئل ٹینکر کے پکڑے جانے کو غیر قانونی رکاوٹ قرار دیاتھا اور جواب میں برطانیہ کا آئل ٹینکر پکڑ لیا تھا۔ گزشتہ روز (جمعہ کو ) جبرالٹر کی عدالت نے ایرانی آئل ٹینکر گریس ون کو چھوڑنے کا حکم جاری کیا۔علاوہ ازیں امریکہ نے ایک اکاؤنٹ سے 9 لاکھ 95 ہزار ڈالر بھی قبضے میں لینے کا حکم دیا ہے۔واشنگٹن کا دعویٰ ہے کہ یہ اکاؤنٹ ایک نامعلوم امریکی بینک میں ہے جو ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے کاروبار اور دیگر کارروائیوں سے منسلک ہے۔