نیویارک(سچ نیوز) امریکہ میں گزشتہ 4دن میں قیامت گزر گئی ہے۔ ان چار دنوں میں امریکی ریاست کیلیفورنیا اور ہمسایہ ریاستوں میں 4700زلزلے آئے ہیں اور ہر طرف تباہی پھیل گئی ہے۔ ان زلزلوں میں دو بڑے زلزلوں کی شدت 6.4اور 7.1تھی۔ ان زلزلوں کا مرکز کیلیفورنیا کے شہر ریج کریسٹ سے 11میل دور بتایا گیا ہے۔ زلزلوں کا یہ سلسلہ کیلیفورنیا میں جمعرات کے روز سے شروع ہوا ہے ۔ ریاست میں تمام شاہراہیں ٹوٹ پھوٹ چکی ہیں اور ان میں کئی کئی فٹ گہری دراڑیں پڑ گئی ہیں۔بجلی کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے۔ درجنوں مقامات پر خوفناک آتشزدگی کے واقعات پیش آئے ہیں۔ ریج کریسٹ کے ایک شہری نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے بتایا ہے کہ جب 7.1شدت کا زلزلہ آیا تو ہم زمین پر چل نہیں سکے تھے۔ کئی سیکنڈز تک زمین لرزتی رہی۔ لوگ زمین پر بیٹھ گئے یا گھنٹوں کے بل چلنے لگے۔زمین اتنی لرز رہی تھی کہ کوئی بھی شخص زمین پر کھڑا نہیں ہو سکتا تھا۔ رپورٹ کے مطابق اس خوفناک تباہی میں اب تک سینکڑوں افراد زخمی ہو چکے ہیں۔