واشنگٹن (سچ نیوز) امریکہ میں واقع پاکستانی سفارتخانے میں ایک حصہ ایسا ہے جو ایران کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ اس حصے میں کیا امور سرانجام دیئے جاتے ہیں، ان کے متعلق شاید ہی کوئی پاکستانی جانتا ہو۔ اس حصے کو ’انٹرسٹس سیکشن آف دی اسلامک ری پبلک آف ایران‘ کا نام دیا گیا ہے، جس کی اپنی ویب سائٹ (http://www.daftar.org/far/default.asp) بھی ہے۔ یہ تو شاید آپ جانتے ہوں گے کہ 1979ءمیں جب ایران میں انقلاب آیا تو ایرانی طلبہ نے تہران میں موجود امریکی سفارتخانے کا گھیراﺅ کر لیا اور اسے نقصان پہنچایا، جس کے بعد ایران اور امریکہ کے سفارتی تعلقات ختم ہو گئے۔1981ءمیں دونوں ممالک ایک ’انٹرسٹس سیکشن‘ قائم کرنے پر رضامند ہوئے تاکہ باہمی دلچسپی کے امور پر دونوں ملکوں میں تبادلہ خیال ہوتا رہے۔ چنانچہ تب سے پاکستانی سفارتخانے میں یہ سیکشن قائم کر دیا گیا۔ یہ انٹرسٹس سیکشن ایرانی شہریوں کو ضروری قونصلر سروسز فراہم کرتا ہے اور غیرملکیوں کو ویزے بھی جاری کرتا ہے۔ 2012ءمیں جب ایران اور کینیڈا کے سفارتی تعلقات ختم ہوئے تب سے یہ سیکشن کینیڈا میں مقیم ایرانی شہریوں کو بھی قونصل سروسز فراہم کر رہا ہے۔