نئی دہلی ( سچ نیوز ) جنوبی ایشیا میں شہریوں کی بڑی تعداد اپنی شادی کویادگار بنانے کیلئے لاکھوں روپے خرچ کرتے ہیں، ان لمحات کو یادگار بنانے کے باوجود کچھ ایسی خبریں بھی سامنے آتی ہیں جوحیران کن ہوتی ہیں، اسی طرح کی ایک حیران کن خبر بھارت سے آئی ہے جہاں پر دلہن نے شادی سے اس لیے انکار کر دیا کہ دلہے کی ناک لمبی ہے۔خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلورو کا نوجوان امریکا میں رہائش پذیر بھارتی لڑکی کے عشق میں مبتلا ہوا اور پھر دونوں نے شادی کا فیصلہ کرلیا لیکن بعد میں دلہن نے دولہا کی ناک پر اعتراض کرتے ہوئے شادی سے صاف انکار کردیا اور لڑکے کو ناک کی پلاسٹک سرجری کرانے کا بھی مشورہ دیا۔نوجوان کا کہنا تھا کہ اس کی رشمی نامی لڑکی سے ملاقات چند ماہ قبل شادیاں کرانے والی ویب سائٹ کے ذریعے ہوئی جس کے بعد دونوں نے چند ماہ بعد ہی شادی کا فیصلہ کرلیا۔ شادی کے فیصلے کے بعد رشمی امریکا سے بنگلورو پہنچی اور دونوں کے خاندانوں کے درمیان بھی شادی کے حوالے سے بات چیت پکی کرکے منگنی کی رسم کی گئی۔نوجوان کا کہنا تھا کہ شادی کی تاریخ طے ہونے کے بعد اس نے لڑکی کے لیے لاکھوں روپے کے کپڑے اور تحائف لیے جب کہ شاندار ہوٹل میں لاکھوں روپے کے انتظامات بھی کیے لیکن شادی سے کچھ روز قبل لڑکی نے والد کو امریکا واپس جاکر ٹیلی فون کیا اور شادی نہ کرنے کے فیصلے سے آگاہ کیا۔نوجوان کے مطابق والد کی بات پر یقین نہ آنے پر رشمی کو خود فون کیا جس پر اس نے میری ناک لمبی ہونے کا طعنہ دیا اور شادی سے صاف انکار کرتے ہوئے پلاسٹک سرجری سے ناک ٹھیک کرانے کا بھی مشورہ دیا۔نوجوان لڑکی پر فراڈ کا مقدمہ درج کرانے پولیس اسٹیشن جا پہنچا جہاں پولیس نے دھوکا دہی کے کیس میں لڑکی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔