بیجنگ(سچ نیوز ) چین کی سب سے بڑی ای کامرس کمپنی علی بابا کے چیئرمین جیک ما نے کہا ہے کہ انہوں نے امریکہ میں روزگار کے10 لاکھ مواقع فراہم کا اپنا منصوبہ منسوخ کر دیا ہے۔جیک ما نے اپنے پروگرام کی منسوخی کے فیصلے کا الزام دنیا کی دونوں عظیم معیشتوں کے درمیان جاری تجارتی جنگ پر لگایا ہے۔چین کی خبررساں ایجنسی شنہوا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ علی بابا کمپنی کے سربراہ جیک ما کا کہنا ہے کہ اس وعدے کی بنیاد چین اور امریکہ کے درمیان دوستانہ تعاون اور دوطرفہ تجارت کو فروغ دینا تھا۔جب کہ موجودہ صورت حال نے منصوبے کے اس بنیادی پہلو کو ہی تباہ کر دیا ہے۔جیک ما نے شروع میں اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ وہ امریکہ کے چھوٹے کاروباروں اور کسانوں کو اپنی مصنوعات علی بابا کے پلیٹ فارم کے ذریعے فروخت کرنے کا موقع فراہم کریں گے۔جیک ما نے یہ وعدہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ایک ملاقات میں کیا تھا۔ لیکن اب چین اور امریکہ کے درمیان تجارتی جنگ کے باعث جیک ما کو یہ منصوبہ منسوخ کرنا پڑا ہے جس کی وجہ سے 10لاکھ امریکی روزگار حاصل نہیں کر سکیں گے۔