واشنگٹن ( سچ نیوز ) امریکہ میں کرونا وائرس کی وجہ سے پہلی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی ہے۔ امریکہ میں کرونا وائرس سے ہلاکت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب کچھ دیر پہلے ہی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک میں بیماری کے پھیلاﺅ کی خبروں کو افواہ قرار دیا تھا۔امریکی ریاست واشنگٹن کے محکمہ صحت کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ ریاست میں کووِڈ 19 کی وجہ سے پہلی ہلاکت ہوئی ہے، حکام نے ہلاک شخص کی تفصیلات جاری نہیں کیں اور کہا ہے کہ وہ ایک پریس کانفرنس میں اس بارے میں بتائیں گے۔ ایور گرین ہیلتھ میڈیکل سنٹر کی ترجمان کیسی ڈیل نے بتایا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے ہلاکت سیاٹل شہر کے نواحی علاقے کرک لینڈ میں ہوئی ہے۔
واشنگٹن کے گورنر جے انسلی کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے جو مریض ہلاک ہوا ہے وہ ایک آدمی ہے جس کا تعلق ریاست واشنگٹن سے ہے۔ یہ ہماری ریاست کیلئے بہت ہی افسوسناک دن ہے ، ہم کوشش کریں گے کہ کسی کو کرونا وائرس کی وجہ سے جان سے ہاتھ نہ دھونا پڑیں۔
دوسری جانب راتوں رات ریاست کیلیفورنیا، اوریگن اور واشنگٹن میں کرونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آئے ہیں، یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ان افراد میں یہ وائرس کن ذرائع سے پھیلا ہے۔
امریکی ٹی وی سی این این کے مطابق ہفتہ کے روز تک امریکہ میں کرونا وائرس کے 67 کیسز رجسٹر ہوچکے ہیں جن میں سے اکثریت ان لوگوں کی ہے جو بحری جہاز ڈائمنڈ پرنسس سے واپس آئے تھے۔