نیویارک(سچ نیوز) امریکہ میں تعینات برطانوی سفیر سر کم ڈیرک کا ایک خط لیک ہو گیا ہے جس میں انہوں نے صدر ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کے متعلق ایسے الفاظ استعمال کر رکھے تھے کہ امریکہ اور برطانیہ کے مابین بڑا تنازعہ پیدا ہو گیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق سر کم ڈیرک نے اس خط میں امریکی حکومت کو نااہل قرار دیا تھا اور لکھا تھا کہ ”صدرٹرمپ کے زیرانتظام وائٹ ہاﺅس کبھی اہل اور سنجیدہ نہیں ہو سکتا۔“اس کے علاوہ انہوں نے اپنے خط میں ٹرمپ انتظامیہ کو بے ڈھنگی اور ناکارہ بھی لکھا اور کہا کہ ”صدر ٹرمپ کی حکومت سے کسی بھی برے کام کی توقع کی جا سکتی ہے۔“یہ خط لیک ہونے پر صدر ٹرمپ برطانوی سفیر پر برس پڑے اور کہا کہ سر کم ڈیرک نے امریکہ میں برطانیہ کی نمائندگی بہتر انداز میں نہیں کی۔ دفتر خارجہ نے بھی سر کم ڈیرک کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ برطانوی وزیرانصاف ڈیوڈ گاﺅک کا کہنا تھا کہ ”سر کم ڈیرک کا خط لیک ہونے سے برطانیہ کو شرمساری کا سامنا کرنا پڑا ہے۔“دوسری طرف صدر ٹرمپ کے اتحادی نیگل فیراگ نے مطالبہ کر دیا ہے کہ سر کم ڈیرک کو عہدے سے ہٹایا جائے۔ ٹرمپ انتظامیہ کے دیگر عہدیداروں کا بھی کہنا ہے کہ ”سر کم ڈیرک کی پوزیشن اب قابل دفاع نہیں رہی اور ہمیں توقع ہے کہ انہیں جلد ہٹا دیا جائے گا۔“