دوحہ ( سچ نیوز ) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ طالبان کو احساس ہوا کہ وہ فوجی طاقت کے ذریعے افغان مسئلے کو حل نہیں کرسکتے، طالبان کے اشارے کے بعد امن عمل شروع ہوا، یہ یقینی بنایا جائے گا کہ افغان سرزمین دہشتگردی کیلئے استعمال نہ ہو۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں طالبان امریکہ امن معاہدے پر دستخط کی تقریب جاری ہے جس میں 50 ممالک کے وزرائے خارجہ اور 150 ممالک کے وفود موجود ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا کہ امریکہ اور طالبان کے درمیان دہائیوں پر مشتمل تنازعہ چلتا رہا، امریکہ اور طالبان آج دہائیوں پر مشتمل تنازعہ ختم کرنے جا رہے ہیں۔امن عمل طالبان کے اشارے کے بعد شروع ہوا، انہیں احساس ہوا کہ وہ فوجی طاقت سے مسئلے کو حل نہیں کرسکتے۔
انہوں نے کہا کہ افغان اور امریکی فورسز نے مل کر قیام امن کیلئے کام کیا، تاریخی معاہدے کی تقریب کی میزبانی پر قطر کی حکومت کے شکر گزار ہیں ، انہوں نے مذاکرات یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا، امن کیلئے زلمے خلیل زاد کا کردار قابل تعریف ہے۔مائیک پومپیو کا کہنا تھا یہ یقینی بنایا جائے گا کہ افغان سرزمین عالمی سطح پر دہشتگردی کے خلاف استعمال نہ ہو،داعش اور القاعدہ جیسی تنظیموں کو دوبارہ پنپنے نہیں دیا جائے گا۔ افغانستان کے مستقبل کا تعین افغانوں نے خود کرنا ہے، آج افغانستان کے عوام گلیوں میں خوشیاں منا رہے ہیں۔