غزہ(سچ نیوز)امریکی امدادی ادارے یو ایس ایڈ نے فلسطینی علاقوں میں امدادی سرگرمیاں بند کر دی ہیں۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکا کے بین الاقوامی امدادی ادارے یو ایس ایڈ نے فلسطینی علاقوں مغربی کنارے اور غزہ پٹی پر ہر قسم کی امدادی سرگرمیوں کے سلسلے کو روک دیا ہے۔امریکی حکام کا موقف ہے کہ امدادی سرگرمیوں کی بندش فلسطینی اتھارٹی کی درخواست پر کی گئی ہے اور اب تک ایسے شواہد نہیں ملے کہ یو ایس ایڈ مستقل بنیادوں پر سرگرمیاں بند کر رہا ہے۔فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے یو ایس ایڈ کی سرگرمیاں بند ہونے پر کسی قسم کا تبصرہ نہیں کیا گیا ہے تاہم مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی پر امدادی کیمپ میں سرگرمیان ماند پڑگئی ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں امریکی حکومت نے فلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود کے لیے کام کرنے والی اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (UNRWA) کی مالی امداد مکمل طور پر ختم کر دی تھی۔