نیویارک( سچ نیوز ) امریکا نے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کو اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت سے روک دیا۔تفصیلات کے مطابق امریکا نے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کو ویزہ جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے، ایرانی وزیر خارجہ نے جمعرات کو سیکورٹی کونسل کے اجلاس میں شرکت کرنی تھی۔دوسری طرف اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیریس نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر ایک بار پھر تشویش کا اظہار کر دیا ہے، انھوں نے عالمی رہنمائوں سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تنائو سے غیر متوقع فیصلے اور ان کے خطرناک نتائج سامنے آتے ہیں۔انتونیو گوٹیریس کا کہنا تھا کہ جنگوں سے اجتناب ہم سب کی مشترکہ ذمے داری ہے، کیوں کہ اس کی قیمت عام آدمی کو چکانی پڑتی ہے۔خیال رہے کہ یورپی یونین نے بھی جوہری پروگرام کے معاہدے سے ایران کی علیحدگی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران کے معاہدے سے علیحدگی کے فیصلے پر یورپی یونین کو افسوس ہے۔سربراہ یورپین خارجہ امور جوزف بوریل نے اس سلسلے میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہم معاہدے کے فریقین کے ساتھ پیش رفت کے رابطے جاری رکھیں گے، یورپی یونین آئی اے ای اے کی یورینیم افزودگی سے متعلق تصدیق پر بھروسا کرے گی، جنرل قاسم کی ہلاکت کے بعد ہم صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں، کشیدگی کے خاتمے کے لیے یورپی یونین کے کردار پر مشاورت بھی جاری ہے۔