اسلام آباد: (سچ نیوز) الیکشن کمیشن کا سعد رفیق کے بیان کا سختی سے نوٹس، آرٹی ایس کی بندش سے متعلق سعد رفیق کا بیان مسترد کردیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے لاہور کہ حلقہ این اے 131 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار و رہنماء خواجہ سعد رفیق کے آر ٹی ایس کی بندش سے متعلق بیان کو مسترد کردیا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ این اے 131 کے ریٹرنگ افسر پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں نتیجہ تیار کر رہے ہیں، کسی امیدوار کو ریٹرنگ افسر پر دباؤ ڈالنے کا حق نہیں، الیکشن کمیشن کے امور میں مداخلت قبول نہیں کی جائے گی۔
اس سے قبل خواجہ سعد رفیق این اے 131 کے ریٹرننگ افسر سے رزلٹ میں تاخیر پر الجھ پڑے تھے۔ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ایک بار ہاتھ ہوگیا اب بار بار ایسا نہیں ہوگا۔ عام انتخابات میں تو بہانا چل گیا تھا کہ کام کا دباؤ ہے، اب کیوں سسٹم بیٹھ رہا ہے؟ ریٹرننگ افسر نے سعد رفیق کو جواب دیا کہ سسٹم کام کررہا ہے، آپ کے سامنے سب کچھ اپ ڈیٹ ہو رہا ہے، آپ تسلی رکھیں اور آرام سے دیکھیں۔ جس پر خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ مجھے اعتماد نہیں ہے۔ اس موقع پر سعد رفیق سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں سے بھی الجھے۔
کارکنان سے خطاب میں خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ نہ سینہ زروری اور نہ ہی دھاندلی چلے گی، اگر نتائج میں ردو بدل کیا گیا تو سخت ترین احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ سارا الیکشن فری نہیں تھا، میرے ہاتھ پاؤں باندھ کر اور لوگوں کو گرفتار کرکے الیکشن لڑایا گیا۔
خواجہ سعد رفیق نے الیکشن کمیشن کے نوٹس کا سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جواب دیا اور کہا کہ نتائج کے حصول کے لیے اپنا حق مانگنا دباؤ نہیں، مطالبہ ہے۔ ہم کسی کے کام میں مداخلت نہیں کرتے، مسلم لیگ ن اس بار گڑبڑ برداشت نہیں کرے گی۔
یاد رہے کہ عام انتخابات میں اسی حلقے میں سعد رفیق کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کم مارجن سے شکست دی تھی جس پر ن لیگی امیدوار نے دھاندلی کا الزام عائد کیا تھا۔