اسلام آباد: (سچ نیوز) نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کا ٹرائل مکمل کرنے کی سپریم کورٹ کی پانچویں ڈیڈ لائن ختم ہو گئی، جج احتساب عدالت مدت میں مزید توسیع کیلئے بڑی عدالت کو خط لکھیں گے۔
سپریم کورٹ نے چھبیس اگست کو نواز شریف کے خلاف دونوں ریفرنسز کا ٹرائل مکمل کرنے کیلئے 6 ہفتوں کا وقت دیا تھا جو آج ختم ہو رہا ہے۔ العزیزیہ ریفرنس میں تمام گواہوں کے بیانات مکمل، تفتیشی افسر پر جرح جاری ہے، اس کے بعد نواز شریف کا بیان قلمبند کیا جائے گا، پھر حتمی دلائل کا آغاز ہو گا۔ فلیگ شپ ریفرنس میں واجد ضیا اور تفتیشی افسر کا بیان قلمبند ہونا باقی ہے۔
سپریم کورٹ نواز شریف اور ان کے بچوں کیخلاف ٹرائل مکمل کرنے کیلئے ڈیڈ لائن میں چار بار توسیع کر چکی ہے۔ عدالت عظمیٰ نے ابتدائی طور پر ریفرنسز پر فیصلے کیلئے 6 ماہ کا وقت دیا، ٹرائل مکمل نہ ہونے پر پہلے تین ماہ پھر ایک ماہ اور دو مرتبہ چھ چھ ہفتوں کا وقت دیا گیا۔