نیویارک(سچ نیوز)اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ فرنینڈا سپینوزا اگلے ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گی۔ماریہ اسپینوزا کی ترجمان مونیکا گریلے نے پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ جنرل اسمبلی کی صدر حکومت پاکستان کی درخواست پر 18 سے 22 جنوری کے دوران پاکستان کا دورہ کریں گی۔ترجمان نے بتایا کہ ستمبر میں عہدہ سنبھالنے کے بعد سے یہ ایشیا کا ان کا پہلا سرکاری دورہ ہوگا۔مونیکا گریلے کے مطابق جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ سپینوزا دورہ پاکستان کے دوران وزیراعظم عمران خان، صدر عارف علوی اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقاتیں کریں گی۔ترجمان کے مطابق ماریہ سپینوزا پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے اور کثیر الجہت مقاصد کے فروغ کے حوالے سے پرامید ہیں۔اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں ماریہ سپینوزا کے دورہ پاکستان کی تفصیلات بتائیں۔ملیحہ لودھی کے مطابق جنرل اسمبلی کی صدر کو عالمی، علاقائی معاملات اور کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا جبکہ وہ خواتین اراکینِ اسمبلی سے بھی ملاقات کریں گی۔واضح رہے کہ 8 سال بعد جنرل اسمبلی کا کوئی صدر پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔