دوحہ (سچ نیوز) افغان طالبان نے امریکہ کے ساتھ آج (بدھ کو ) قطر میں ہونے و الے مذاکرات منسوخ کردیے ہیں۔طالبان نے افغان حکام کومذاکرات میں شامل کرنے کی علاقائی طاقتوں کی درخواست بھی مسترد کردی ۔برطانوی خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق افغان طالبان اور امریکی حکام کے مابین قطر کے دارالحکومت دوحہ میں 2 روزہ مذاکرات کا دور آج سے شروع ہونا تھا تاہم طالبان کی جانب سے مذاکرات سے انکار کردیا گیا ہے۔ طالبان نے کہا ہے کہ ایجنڈے پر اختلاف کے باعث مذاکرات ملتوی کیے گئے ہیں۔ افغانستان میں مقیم طالبان رہنماﺅں نے کہا ہے کہ امریکہ بھی قطر میں مذاکرات ملتوی کرنے پر راضی ہوگیا ہے۔پاکستان کے مقامی اخبار کے مطابق طالبان اور امریکہ کے دو روزہ مذاکرات میں افغانستان سے امریکی انخلاء، قیدیوں کے تبادلے اور اپنے رہنماﺅں کی نقل وحرکت پرپابندی ہٹانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال متوقع تھا۔ طالبان نے افغان حکام کومذاکرات میں شامل کرنے کی علاقائی طاقتوں کی درخواست مسترد کردی تھی۔ انہوں نے اس بات پر زوردیا کہ سترہ سالہ جنگ میں امریکہ ہی ان کا بڑا دشمن ہے۔