کابل (سچ نیوز) افغانستان کے صوبے خوست کی ایک مسجد میں دھماکے کے نتیجے میں افغان نیشنل آرمی کے 26 اہلکار ہلاک جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ افغان صوبے خوست کے ضلع مندو زئی میں افغان آرمی کی سیکنڈ رجمنٹ کے ترجمان کیپٹن عبداللہ کے مطابق مسجد میں ہونے والا دھماکہ خود کش تھا ۔ دھماکہ افغان وقت کے مطابق ڈیڑھ بجے اس وقت کیا گیا جب آرمی کے جوان نماز جمعہ کی ادائیگی میں مصروف تھے۔ مسجد میں ہونے والے خود کش حملے میں افغان آرمی کے 10 جوان ہلاک اور 15 زخمی ہوئے ہیں۔ترجمان نے مزید بتایا کہ ہلاک ہونے والے تمام اہلکاروں کا تعلق افغان نیشنل آرمی کی سیکنڈ رجمنٹ سے تھا۔افغان میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ مسجد آرمی کی چھاﺅنی میں واقع تھی اور اس میں ہونے والے خود کش حملے میں ہلاکتوں کی تعداد کہیں زیادہ ہے لیکن آرمی کی جانب سے درست اعداد و شمار چھپائے جارہے ہیں۔ دوسری جانب کسی بھی عسکریت پسند گروپ نے خود کش حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق خود کش حملے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 26 ہے اور زخمیوں کی تعداد 50 سے بھی زیادہ ہے۔