اسلام آباد (سچ نیوز )افغانستان کے صوبے پروان میں صدارتی انتخاب کی ریلی کے دوران دھماکہ ہواہے جس کے نتیجے میں 24 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ 30 سے زائد زخمی ہیں تاہم اشرف غنی محفوظ رہے ہیں ۔غیرملکی خبررساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق افغانستان کے صحت حکام کا کہنا تھا کہ پروان میں صدر اشرف غنی کی جانب سے منعقدہ انتخابی ریلی کے قریب دھماکا ہواجس میں یہ افراد جاں بحق ہو ئے ہیں۔صوبائی ہسپتال کے سربراہ ڈاکٹر عبدالقاسم سنگن کا کہنا تھا کہ جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے شامل ہیں اور ان میں سے زیادہ تر متاثرین شہری لگ رہے ہیں، علاقے میں ایمبولنسز موجود ہیں اور اموات میں اضافے کا امکان ہے۔صدارتی مہم کے ترجمان حمید عزیز کا کہنا تھا کہ اشرف غنی وہاں موجود تھے لیکن وہ محفوظ ہیں اور انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا، ساتھ ہی انہوں نے اس بارے میں مزید تفصیل فراہم کرنے نے انکار کیا۔ادھر پروان میں صوبائی گورنر کے ترجمان وحیدہ شاہکار کا کہنا تھا کہ دھماکا اس وقت ہوا جب مقام کے داخلی راستے کی طرف ریلی گامزن تھی۔