اسلام آباد: (سچ نیوز) افغانستان کے صدر اشرف غنی اپنے دورہ پاکستان کے دوران صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سمیت اہم سیاسی اور عسکری حکام سے ملاقات کرینگے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق افغان صدر اشرف غنی مورخہ 27 جون بروز جمعرات سے اپنا دو روزہ دورہ شروع کر رہے ہیں۔ وہ وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر پاکستان آئیں گے۔
افغان صدر اشرف غنی کے ہمراہ اعلیٰ حکومتی وزرا اور سرمایہ کاروں کا وفد بھی ہوگا۔ وزیراعظم ہاؤس میں دونوں ملکوں میں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔
افغان صدر اشرف غنی کی پاکستانی قیادت سے ملاقاتوں میں امن عمل، اقتصادی شعبوں میں تعاون، سیکیورٹی اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارت بڑھانے پر بھی بات ہوگی۔
اس کے علاوہ دونوں ملکوں کے درمیان عوامی رابطے بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ افغان صدر اشرف غنی لاہور کا دورہ بھی کریں گے اور بزنس فورم میں شرکت کریں گے۔