کابل ( سچ نیوز ) جنگ زدہ افغانستان کے 13 صوبوں میں آنے والی شدید بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے جان کی بازی ہانے والے افراد کی تعداد 160 ہوگئی ہے جبکہ متعدد افراد لاپتہ ہیں۔
افغانستان کے شمالی صوبوں میں بدھ کے روز سیلاب آیا تھا جو مکانات کو اپنے ساتھ بہا لے گیا تھا۔ سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر پروان صوبہ ہوا ہے جہاں 116 افراد نے اپنی جانیں گنوائیں جبکہ 120 سے زائد زخمی ہوئے اور 15 افراد ابھی بھی لاپتہ ہیں۔
افغانستان کی وزارت قومی ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے مطابق سیلاب کی وجہ سے 3 ہزار خاندان بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ صوبہ پروان میں کم از کم ایک ہزار خاندانوں کو فوری امداد کی ضرورت ہے۔ دارالحکومت کابل میں سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے امدادی مہم شروع کردی گئی ہے۔