کابل(سچ نیوز) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک اور حملہ ہوا ہے جس میں مسلح افراد نے ملٹری ٹریننگ سینٹر کو نشانہ بنایا،جوابی کارروائی میں دو حملہ آوروں کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔
افغان حکام کے مطابق حملہ آوروں نے ملٹری ٹریننگ سینٹر پر دھاوا بولاجس کے بعد افغان سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا،اور ارد گرد کی سڑکوں کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا۔ حملہ آوروں کی تعداد ابھی معلوم نہیں ہوسکی ہے،حملہ آور اور افغان فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ علاقے میں دھماکے کی آواز بھی سنی گئی ہے۔دو روزقبل افغانستان میں اسکول پر خودکش بم دھماکے، فوجی اڈے اور سیکورٹی چیک پوسٹ پر حملوں کے نتیجے میں تقریباً 100 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔کابل میں اسکول پر خودکش حملے میں طلبائ وطالبات سمیت 48افراد جاں بحق ہوگئے۔ پاکستان نے کابل کے ایک تعلیمی ادارے میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔تحریک انصاف کے نامزد وزیراعظم عمران خان نے بھی کابل میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار اور زخمیوں کی جلد شفایابی کے لیے دعا کی ہے۔