کابل /واشنگٹن(سچ نیوز) افغان فوج کے مطابق افغانستان کے صوبہ غزنی میں افغان اور اتحادی افواج کے آپریشن میں پاکستانی سیکیورٹی فورسزپر حملوں میں ملوث ملزم سمیت 64 دہشتگرد ہلاک ہو گئے، آپریشن میں متعدد دہشتگرد زخمی بھی ہوئے باروردی مواد سے بھری گاڑی بھی تباہ کی گئی، افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ افغان صوبہ ہلمند میں طالبان کے ٹھکانے پر نیٹو کے ڈرون حملہ میں 29 طالبان ہلاک ہو گئے۔ افغانستان کے صوبہ قندھار میں کار بم دھماکے میں 37 جنگجو ہلاک ہوگئے۔صوبائی گورنر ہائوس کے ترجمان عزیز احمد عزیز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے صوبہ قندھار میں کار بم دھماکے میں 37جنگجو ہلاک ہوگئے۔ جنگجو مسلح ہو کر گاڑیوں میں سوار افغان پولیس چیک پوسٹ پر حملے کیلئے رواں دواں تھے کہ قافلے میں موجود ایک گاڑی میں بارودی مواد پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 37جنگجو ہلاک ہو گئے ۔افغانستان کے صوبے ہلمند میں امریکی اور افغان فورسز کی مشترکہ کارروائی میں طالبان کمانڈر عبدالمنان 29 ساتھیوں سمیت مارا گیا۔روزنامہ نوائے وقت کے مطابق ملاعبدالمنان نے کئی بار سرحد پار سے پاکستانی فورسز پر حملے بھی کئے تھے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے نے حکام کے حوالے سے تصدیق کر دی۔ ملا عبدالمنان کو جنوبی افغانستان میں طالبان کا اہم کمانڈر بھی سمجھا جاتا ہے عبدالمنان کی ہلاکت کی خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جہاں افغانستان میں جاری سترہ سالہ جنگ کے خاتمے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ افغان وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا دھماکے میں 15موٹر سائیکلیں بھی تباہ ہوگئیں ۔ طالبان کی جانب سے کسی قسم کے ردعمل کا اظہار نہیں کیا گیا