ابوجہ(سچ نیوز) گاڑیاں، ملبوسات اور دیگر اشیاءتو بیرون ملک سے منگوانے کے بارے میں سنتے آئے تھے لیکن آپ یہ سن کر حیران رہ جائیں گے کہ ایک ملک، اور وہ بھی افریقی ملک، کے شہری برطانیہ سے پیزے منگوا کر کھا رہے ہیں اور وہاں اسے بلند سماجی درجے کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق یہ حیران کن انکشاف نائیجیریا کے وزیرزراعت اودو اوگبیہ نے گزشتہ روز کیا ہے۔اودو اوگبیہ نے سینیٹ کی کمیٹی برائے زراعت کے اجلاس میں بتایا کہ ”نائیجیریا کے لوگ لندن سے پیزا خریدتے ہیں اور پھر برٹش ایئرویز کی پروازوں کے ذریعے اسے نائیجیریا منگواتے اور ایئرپورٹ سے جا کر وصول کرتے ہیں۔“ وزیر موصوف ملک کی بڑھتی درآمدات کے حوالے سے شہریوں کو تنقید کا نشانہ بنا رہے تھے جب انہوں نے یہ بات کہی۔ اپنی تقریر میں انہوں نے ان تمام شہریوں پر تنقید کی جو چاول، ٹماٹر اور پیزا وغیرہ بیرون ملک سے منگوا رہے ہیں۔ وزیر کا کہنا تھا کہ ”ہمارے شہری بیرون ملک سے یہ اشیاءاس لیے منگواتے ہیں کیونکہ وہ اسے بڑے سٹیٹس کی علامت سمجھتے ہیں۔ وہ لوگوں کو دکھانا چاہتے ہیں کہ وہ صرف امپورٹڈ چیزیں کھاتے ہیں۔ہمیں ملکی معیشت کی بہتری کے لیے ایسی اشیاءکی درآمد روکنی ہو گی۔“