اسلام آباد(سچ نیوز)کراچی کے علاقہ ڈیفنس سے اغوا ہونے والی دعا منگی بازیاب ہوچکی ہیں۔ان سے قبل ایک معروف اداکارہ سنیتا مارشل کے شوہر حسن بھی اغوا برائے تاوان جیسی مشکل سے گزر چکے ہیں۔سنیتا کے شوہر کی بازیابی کی داستان انہی کی زبانی سنئے۔نامور اداکارہ ثمینہ پیرزادہ کو انٹرویو دیتے ہوئے سنیتا نے بتایا کہ ان کے شوہر کو بیٹے کی پہلی سالگرہ کے دوروز بعداکیس مارچ کو اغوا کیاگیااور 35دن تک وہ اغوکاروں کی تحویل میں رہے۔سنیتا نے انکشاف کیاکہ اغوا کاروں کی فون کالز انہیں ہی آتی تھیں۔ کئی دن تک ان کے ساتھ تاوان کیلئے مذاکرات ہوتے رہے ۔ڈیل ہونے کے بعد ہمارا ایک دوست دانش پیسے لے کر وہاں گیا اس دوران سی پی ایل سی والے بھی ہمارے ساتھ تھے۔جیسے ہی اغواکاروں کا بندہ پیسہ لے کر واپس جانے لگا سی پی ایل سی نے دھاوابول دیا اور اسے ٹانگ میں گولی مارکرگرالیا۔
سنیتا کے مطابق زخمی ملزم نے بتایا کہ اصل اغوا کار ایک سابق سب انسپکٹر تھاجو حیدر آباد میں تھا۔ پولیس اس کے گھر پہنچی اس کے بیوی بچوں اور والدین سمیت نو افرادکو گرفتار کیااوراغواکار کے اہلخانہ کو مجبور کیاکہ وہ اسے فون کریں اور اسے کہیں حسن کو چھوڑ دیں۔سنیتا کے مطابق اغوا کار حسن کو چھوڑنے پر رضامند ہوگئے اور اسے حیدرآباد سے کراچی بھجوادیاگیا۔ جس کے بعد اغواکارکے اہلخانہ کو بھی چھوڑ دیا گیا۔وہ دن بہت تکلیف دہ تھے۔حسن کو انتہائی تاریک کمرے میں رکھا گیا۔اسے دانت تک صاف کرنے کا موقع نہیں دیا گیا۔سنیتا کے مطابق حسن کو جب اغواکاروں نے چھوڑا تو اسے بہت زیادہ ڈرایابھی گیاتھا۔دوستوں کے ساتھ ہلہ گلہ کرنے والے حسن نے گھر سے نکلنا ہی چھوڑ دیاتھا تاہم دوستوں کے تعاون سے اور برطانیہ کے دورے کے بعد ان کی حالت سنبھلنے لگ گئی۔