اسلام آباد: (سچ نیوز) ایف آئی اے کی رپورٹ پر اسلام آباد کی عدالت نے امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر اور اشتہاری ملزم حسین حقانی کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔
امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی سے متعلق معاملے کی سماعت سپیشل جج سینٹرل ارم نیازی نے کی۔ ایف آئی اے کی جانب سے عدالت میں رپورٹ پیش کی گئی، ایف آئی اے کی رپورٹ کے مطابق حسین حقانی نے سفارتخانے کے 2 ملین ڈالرفنڈز میں خوردبرد کی اور حسین حقانی جان بوجھ کر روپوش ہوچکا ہے جبکہ حسین حقانی کے کراچی میں گھر پر اشتہار چسپاں کیا گیا۔
ایف آئی اے کی رپورٹ پر عدالت نے امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر اور اشتہاری ملزم حسین حقانی کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے فائل داخل دفتر کر دی۔ ایف آئی اے نے مارچ 2018 میں حسین حقانی کیخلاف مقدمہ درج کیا تھا۔