ممبئی(سچ نیوز) بالی ووڈ اداکارہ زائرہ وسیم نے عامر خان کی بلاک بسٹر فلم ’دنگل‘ سے فلم نگری میں قدم رکھا اور 18سال کی عمر میں راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئیں، تاہم اب انہوں نے بالی ووڈ سے کنارہ کشی کا اعلان کر دیا ہے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق زائرہ وسیم نے اس حوالے سے اپنے فیس بک پر طویل پوسٹ کی جس میں انہوں نے بالی ووڈ چھوڑنے کی وجوہات بھی بتائیں۔ زائرہ نے لکھا کہ ”5سال پہلے میں نے ایک فیصلہ کیا جس نے ہمیشہ کے لیے میری زندگی بدل کر رکھ دی۔ میں نے جیسے ہی بالی ووڈ میں قدم رکھا، میرے لیے شہرت کے دروازے کھل گئے۔ میں لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئی اورمیری پہچان نوجوانوں کے لیے رول ماڈل کی بن گئی۔ تاہم اب اس شعبے میں پانچ سال گزارنے کے بعد میں اعتراف کرنا چاہتی ہوں کہ میں اپنی اس پہچان اور اس کام سے خوش نہیں ہوں۔ “ زائرہ وسیم نے مزید لکھا کہ ”اس کام نے مجھے دین سے دور کر دیا ہے۔ بحیثیت اداکارہ میں نے چیزوں کا مشاہدہ کیا۔ ہر قدم پر میں خود کو دھوکا دیتی رہی اور چیزوں کے بارے میں اپنے طرز فکر کو غلط قرار دے کر ویسا سوچتی رہی جیسا میں ان چیزوں کو دیکھنا چاہتی تھی، مجھے ادراک ہی نہیں ہوا کہ اصل بات چیزوں کو اسی طرح دیکھنا ہے جیسی وہ ہیں۔ یہ پانچ سالہ سفر تھکا دینے والا تھا۔ میں نے اس سارے عرصے میں اپنی روح کے ساتھ جنگ لڑی ہے مگر زندگی بہت مختصر ہے جو اپنے آپ سے جنگ لڑتے ہوئے نہیں گزاری جا سکتی۔ اب میں اس راستے پر چلنا چاہتی ہوں جس پر میری روح مجھے لیجانا چاہتی تھی۔ اب میں مزید یہ جنگ نہیں لڑ سکتی۔“رپورٹ کے مطابق زائرہ وسیم اب فلم’دی سکائی از پنک‘ میں نظر آئیں گی جو ان کے اس اعلان کے بعد اب ان کی آخری فلم ہو گی۔ اس فلم کی شوٹنگ مارچ میں مکمل ہو چکی ہے جس میں پریانکا چوپڑا اور فرحان اختر مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔