تل ابیب(سچ نیوز) امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی انتہاءکو چھو رہی ہے اور کسی بھی وقت جنگ چھڑ جانے کا خطرہ دنیا کے سر پر منڈلا رہا ہے۔ گزشتہ روز ایران کی طرف سے دھمکی دی گئی تھی کہ اگر امریکہ نے ایران پر حملہ کیا تو ایران آدھے گھنٹے میں اسرائیل کو صفحہ¿ ہستی سے مٹا دے گا۔ اب اس حوالے سے اسرائیل کی طرف سے بھی تشویشناک خبر آ گئی ہے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق اسرائیل نے بھی ممکنہ جنگ کے لیے اپنی فوج کو تیار کر دیا ہے۔اسرائیلی وزیرخارجہ اسرائیل کیٹز نے انٹرنیشنل سکیورٹی فورم کو بتایا ہے کہ اگر خطے میں فوجی تصادم ہوتا ہے تو اسرائیلی فوج اس کے لیے تیار ہو گی۔ہرزلیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیل کیٹز کا کہنا تھا کہ ”دنیا پر یہ واضح ہونا چاہیے کہ ایران کی ’مِس کیلکولیشن‘ خطے کو ’گرے زون‘ سے ریڈزون میں تبدیل کر سکتی ہے۔ اس کے لیے ہمیں لازمی طور پر تیار رہنا ہو گاچنانچہ ریاست اسرائیل پوری تندہی سے اپنی فوج کو کسی بھی تصادم کے لیے تیار کر رہی ہے۔ “رپورٹ کے مطابق اسرائیل کیٹز ایران پر سخت ترین اقتصادی پابندیوں کے حامی ہیں اور اس کے لیے صدر ٹرمپ کی حوصلہ افزائی بھی کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ”اقتصادی جنگ میں ایران کے پاس شکست کے سوا کوئی آپشن نہیں ہو گا اور اسے پہلے سے زیادہ محدود نیوکلیئر ڈیل کرنی پڑے گی۔چنانچہ صدر ٹرمپ کو ایران پر فوری پابندیاں عائد کر دینی چاہئیں۔“