تہران(سچ نیوز)ایرانی صدر حسن روحانی نے اسرائیل کو ایک ’’سرطانی پھوڑا ‘‘ ( کینسر ٹیومر) قرار دیتے ہوئےکہا ہے کہ مغربی ملکوں نے اس کو مشرق وسطیٰ میں اپنے مفادات بڑھانے کے لیے قائم کیا تھا،دہشت گردوں اور عالمی طاقتوں کے مدمقابل سعودی عرب کے دفاع کو تیار ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سالانہ اسلامی اتحاد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہایران دہشت گردوں اور عالمی طاقتوں کے مدمقابل سعودی عرب کا دفاع کرنے کو تیار ہے، ہم سعودی شہریوں کو بھائیوں کی طرح مانتے ہیں اور تسلیم کرتے ہیں کہ مکہ و مدینہ میں رہنے والے ہمارے بھائیوں جیسے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل مغرب کی قائم کردہ ایک ’’ جعلی حکومت ‘‘ہے،امریکا مشرق وسطیٰ کے اسلامی ممالک سے دوستانہ تعلقات مستحکم کرکے اسرائیل کو محفوظ بنا رہا ہے جب کہ خطے میں ایران کے حریف سعودی عرب کے ساتھ امریکا خوشامد کی پالیسی اپنائے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ دوسری عالمی جنگ کا ایک منحوس کن نتیجہ خطے میں کینسر کے ناسور کی صورت میں نکلا، اسرائیل ایک ’جعلی حکومت‘ ہے جسے مغربی ممالک نے بنایا ہے۔