دمشق(سچ نیوز) شام میں روس اور نیٹو افواج کے ساتھ ساتھ حزب اللہ اور دیگر جنگجو گروپ بھی برسرپیکار ہیں اور اب انکشاف سامنے آیا ہے کہ یہ گروپ اسرائیلی فوج کے حملوں سے بچنے کے لیے روسی جھنڈے کا استعمال کر رہے ہیں۔ ویب سائٹ ynetnews.com کے مطابق روسی فوج نے خود ان گروپوں کو اپنا جھنڈا استعمال کرنے کی اجازت دے رکھی ہے، جو اسرائیلی فوج کی طرف سے ستمبر میں اپنا جنگی طیارہ مار گرائے جانے کے بعد سے شدید مشتعل ہے۔رپورٹ کے مطابق شام کے شہر حما میں فوجی ایئرپورٹ کے قریب بھی روسی جھنڈے دیکھے گئے جبکہ شام کے شہروں حمص اور ادلب میں بھی روسی جھنڈے لہراتے نظر آتے ہیں۔اسرائیل کی طرف سے اس معاملے پر روس کو شکایت بھی کی گئی ہے جس میں کہا گیا کہ شام میں ایران اور اس کے حمایت یافتہ جنگجو گروپوں کے اڈوں پر بھی روسی جھنڈے لہرا رہے ہیں۔ اسرائیلی کے ایک اعلیٰ فوجی وفد نے گزشتہ دنوں ماسکو کا دورہ کیا اور اس دوران روسی حکام سے یہ شکایت کی گئی۔