اسلام آباد(سچ نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہاسحاق ڈار نے پاکستان کی خدمت کی ہے، انہوں نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا،اگر پی ٹی آئی والے اسحاق ڈار کی معیشت کے لیے خدمات لاقانونیت سمجھتے ہیں تو انہیں قانونیت اور لاقانونیت کا فرق معلوم نہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کے دور وزارت میں غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 21 ارب ڈالر تک پہنچ گئے تھے جو سٹیٹ بنک نے خواب میں بھی نہ دیکھے ہوں گے، اسحاق ڈار نے پاکستان کی ڈوبتی اقتصادیات کو مضبوط بنایا، ان کے دور میں سٹاک ایکسچینج 50 ہزار پوائنٹس عبور کر گئی تھی۔سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کی خدمات کو دنیا نے تسلیم کیا ہے، انٹرنیشل ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کو بڑی معیشتوں میں شامل ہونے کا کہا تھا، ہماراجی ڈی پی تین فیصد سے آگے نہیں بڑھا تھا، اسحاق ڈار اسے 5.8 فیصد پر لے کر گئے جو ایک بڑا کارنامہ تھا۔پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت میں جی ڈی پی کی شرح 5.8 سے بھی نیچے چلی گئی ہے، حکومت کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر ختم ہو چکے ہیں، سٹاک مارکیٹ کا بھٹہ بیٹھ گیا ہے، اسحاق ڈار کے زمانے میں لوگوں کو سستی بجلی اور سستی گیس ملتی تھی جبکہ اس حکومت نے بجلی اور گیس مہنگی کر دی ہے۔