واشنگٹن (سچ نیوز) القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کے صاحبزادے اور ان کے مبینہ جانشین حمزہ بن لادن کی ہلاکت کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔امریکی ٹیلی ویژن چینل ’این بی سی‘ نے سب سے پہلے یہ خبر دی کہ امریکہ کے پاس ایسی انٹیلی جنس اطلاعات موجود ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ حمزہ بن لادن کی موت واقع ہوگئی ہے۔حمزہ بن لادن کی ہلاکت کیسے ہوئے ہے اس بارے میں تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں تاہم تین امریکی عہدیداروں نے اس خبر کی تصدیق کی ہے۔امریکی حکام کی جانب سے فوری طور پر اس خبرتبصرہ نہیں کیا گیا جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔ ایک رپورٹر نے جب ڈونلڈ ٹرمپ سے یہ سوال پوچھا کہ ’کیا اسامہ بن لادن کا بیٹا حمزہ بن لادن ہلاک ہوچکا ہے‘ تو اس پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’میں اس معاملے پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتا۔‘آخری بار 2018 میں حمزہ بن لادن کا وہ بیان منظر عام پر آیا تھا جس میں انہوں نے عرب لوگوں سے انقلاب کیلئے جدوجہد کا کہا تھا، ان کی جانب سے سعودی عرب کو بھی دھمکی دی گئی تھی۔سعودی عرب نے حمزہ بن لادن کی شہریت اس وقت منسوخ کردی تھی امریکہ نے ان کی اطلاع پر ایک ملین ڈالر کے انعام کا اعلان کیا تھا۔