لاہور: (سچ نیوز) نیب لاہور نے پی آئی ٹی بی اور ارفع کریم ٹاور پراجیکٹ میں کروڑوں روپے کی مبینہ خورد برد کے الزام کی تحقیقات شروع کر دی۔
نیب نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور ارفع کریم ٹاور سے متعلق معلومات مانگ لی ہیں۔ نیب کی جانب سے سیکرٹری خزانہ عبداللہ خان سنبل کو خط لکھ کر بجٹ تخمینہ اور گزشتہ پانچ برس میں دی جانیوالی فنڈنگ کی تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں۔
سچ نیوز ذرائع کے مطابق ارفع کریم پراجیکٹ سے متعلق شروع سے لے کر آج تک کے پراجیکٹ کا ریکارڈ بھی پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سابقہ دور میں پیپرا رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مبینہ طور پر ٹھیکے دئیے گئے۔
ذرائع کے مطابق پی آئی ٹی بی میں بعض منصوبوں پر کروڑوں خرچ کئے لیکن پراجیکٹ صرف کاغذات تک رہا۔ پی آئی ٹی بی میں من پسند افراد کو بھرتی کیا گیا جو تاحال عہدوں پر تعینات ہیں، اس کے علاوہ لاکھوں روپے ماہانہ تنخواہ پر بھرتیاں کی گئیں لیکن رزلٹ کچھ نہ مل سکے۔