ممبئی(سچ نیوز) بالی ووڈ اداکارہ ملائکہ اروڑا سے طلاق کے بعد ارباز خان نے خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ کام ہم سے ایسے ہوئے جو ہمیں نہیں کرنے چاہیے تھے جس کے بعد ہم نے علیحدہ ہونا ہی بہتر سمجھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ارباز خان نے ایک ویب سائٹ کو انٹرویو کے دوران لب کشائی کی کہ ہم دونوں کئی سال تک ایک ساتھ رہے اور ہم نے بہت سے حسین لمحات بھی ساتھ گزارے جو آج بھی خوبصورت یادوں کی شکل میں ذہنوں میں تازہ ہیں، سب سے اچھی بات یہ ہے کہ ہم ایک بچے کے والدین ہیں بس یہی وجہ ہے کہ ہم آج بھی ایک دوسرے کی عزت کرتے ہیں۔ارباز خان نے یہ بھی کہا کہ ہمارے رشتے میں کچھ باتیں اور کام ایسے ہوگئے تھے جو ہمیں نہیں کرنے چاہیے تھے تو ہم نے اس کے حل کے لیے ایک دوسرے سے جدا ہونا بہتر سمجھا لیکن اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ ہم ایک دوسرے سے نفرت کرتے ہیں کیوں کہ ہم بالغ نظر ہوچکے ہیں اس لیے ہمارا جو باہمی رویہ ہے وہ عزت و احترام پر مبنی ہے۔واضح رہے کہ طلاق کے بعد دونوں اداکار ان دنوں اپنی اپنی زندگی میں مصروف ہیں۔ ان دنوں ملائکہ اروڑا بالی ووڈ کے معروف اداکار ارجن کپور کے ساتھ دیکھی جارہی ہیں اور مستقبل میں دونوں اداکاروں کا شادی کا بھی ارادہ ہے۔ دوسری جانب ارباز خان نے اپنے لیے ایک اطالوی ماڈل جارجیا انڈریانہ کا انتخاب کیا ہے۔