ممبئی(سچ نیوز)ہندوستانی فلموں کی مشہور اداکارہ نیہا دھوپیا نے اپنے وزن بڑھنے پر تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب،ایسا جواب دے دیا کہ ناقدین کے منہ ہی بند ہو جائیں گے ۔تفصیلات کے مطابق بھارتی اداکارہ نیہا دھوپیا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک نئی تصویر شیئر کرتے ہوئے میڈیا کی ایک خبر کی شہ سرخی بھی شیئر کی، جس میں ان کے اضافی وزن پر بات کی گئی تھی۔اداکارہ نیہا دھوپیا نے انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ ’ وہ ایک نئی ماں بننے پر اپنا وزن بڑھ جانے کی وجہ سے شرمندہ نہیں ہیں اور اب وزن بڑھ جانے پر لوگوں کو شرمندہ کرنے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔ساتھ ہی نیہا دھوپیا نے لکھا کہ ایک نئی ماں کی حیثیت سے وہ اپنی بچی کے لیے صحت مند، تندرست اور متحرک رہنا چاہتی ہیں۔نیہا دھوپیا کے مطابق وہ اپنی صحت کے لیے معمول کے مطابق ورزش بھی کرتی ہیں اور بعض اوقات تو وہ دن میں 2 مرتبہ بھی ورزش کرتی ہیں۔ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ ان کے لیے سماج کے لیے پرکشش دکھائی دینا نہیں بلکہ صحت مند رہنا اولین ترجیح ہے۔نیہا دھوپیا نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں لوگ خواتین اور خصوصی طور پر شوبز خواتین کو اضافی وزن کی وجہ سے شرمندہ کرنے کی کوشش سے گریز کریں گے۔واضح رہے کہ نیہا دھوپیا اور انگت بیدی نے گذشتہ سال مئی میں خفیہ شادی کی تھی جبکہ نومبر میں ان کے ہاں ایک بیٹی نے جنم لیا تھا ،بیٹی کی پیدائش کی خبر نیہا دھوپیا کی قریبی دوست اداکارہ سوفی چوہدری نے سوشل میڈیا پر کیا تھا ،اس اچانک اعلان نے سب کو حیران کر دیا تھا ۔