ممبئی (سچ نیوز) بالی ووڈ اداکار اجے دیوگن کے والد اور معروف ایکشن ڈائریکٹر ویرو دیوگن انتقال کرگئے۔ 85 سالہ ویرو دیوگن کا انتقال ممبئی میں ہوا ، ان کے انتقال کی خبر ملتے ہی بالی ووڈ اداکاروں کا ان کے گھر پر تانتا بندھ گیا۔ویرو دیوگن نے بطور ایکشن ڈائریکٹر اور کوریو گرافر بالی ووڈ میں اپنی پہچان بنائی۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں 80 سے زائد بالی ووڈ فلموں میں بطور ایکشن ڈائریکٹر اور کوریوگرافر کام کیا۔ انہوں نے 1999 میں ’ہندوستان کی قسم ‘ فلم میں بطور ہدایتکار بھی کام کیا تھا۔ویرو دیوگن گزشتہ کافی عرصے سے سخت علیل تھے، انہیں سانس لینے میں تکلیف کی شکایت پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران انہیں دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔ ان کی آخری رسومات ممبئی میں شام 6 بجے ادا کی گئیں۔ ویرو دیوگن نے سوگواران میں 2 صاحبزادے معروف اداکار اجے دیوگن اور ہدایتکار انیل دیوگن اور 2بیٹیاں نیلم دیوگن گاندھی اور کویتا دیوگن چھوڑی ہیں۔