لاہور(سچ نیوز)صوبائی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ آصف زرداری نے بمعہ اہل و عیال سرکاری خزانے پر لوٹ مار کی،انہوں نے کرپشن کے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دیے ،اپنے پانچ سالہ دور صدارت میں غریب عوام کے پیسوں کو یاجوج ماجوج کی لمبی زبان سے چاٹ کر صاف کر دیا ہےاور اگر ان سے ان کی کسی بد دیانتی کا حساب مانگ لیا جائے تو جمہوریت اور اٹھارویں ترمیم کو خطرہ لاحق ہو جا تا ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے اپنی ہمشیرہ فریال تالپور، اومنی گروپ، شرجیل میمن اور ڈاکٹر عاصم سمیت پورے خاندان اور عزیز و اقارب کے ساتھ مل کراربوں کھربوں کی کرپشن کی ہے،اب جب جے آئی ٹی نے کہہ دیا ہے کہ کرپشن ہوئی ہے تو ان کی چیخیں نکل رہی ہیں اور یہ عدلیہ اور اداروں کو آنکھیں دکھا رہے ہیں، ان کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ کرپٹ اور بددیانت لوگ کبھی اداروں کو آنکھیں نہیں دکھا سکتے۔ فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ تین سال پہلے بھی آصف زرداری نے اعلان کیا تھا کہ اداروں کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے مگر جب احتساب کا سامنا کرنا پڑا تو دبئی بھاگ گئے،شائد پاکستان میں اینٹوں کے بھٹے بند ہو گئے تھے یا دبئی سے اچھی اینٹیں ملنا شروع گئی تھیں،اس کے بعد منتیں ترلے کر کے واپس پاکستا ن آئے اور اب پھر وہی تاریخ دہرا رہے ہیں،میرا ان کو یہ مشورہ ہے کہ بھول جائیں کہ اب انہیں یا ان کے حواریوں کو کسی قسم کا این آر او ملے گا،یہ نواز شریف کا دور حکومت نہیں ہے جہاں مک مکا ہو جاتا تھا،یہ عمران خا ن کا نیا پاکستان ہے جہاں ہر کرپٹ اور بد دیانت انسان کو بے باک اور بے لاگ احتساب کا سامنا کرنا پڑے گا۔ فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ آج بینظیر بھٹو کی برسی پر آصف زرداری اور بلاول کو شرمندہ ہونا چاہیے کہ آج تک وہ بی بی کے قاتلوں کو نہیں پکڑ سکے۔